مرکزی عید گاہ بہاولپور میں عظیم الشان سیرت کانفرنس، محفلِ نعت؛ کمشنر، آر پی او، انتظامیہ، پولیس افسران اور علمائے کرام کی شرکت

Spread the love

بہاولپور
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)

مرکزی عید گاہ بہاولپور میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں عظیم الشان سیرت کانفرنس اور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا، ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین، ضلعی انتظامیہ و پولیس کے افسران، علمائے کرام، نعت خواں حضرات اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرکزی تقریب کے دوران درود و سلام اور نعروں سے فضا گونجتی رہی جبکہ علمائے کرام نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، رواداری، اخوت، برداشت اور بھائی چارے کا عظیم عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے میں امن و استحکام کے لیے ہمیں اسوۂ حسنہ ﷺ کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانا ہوگا۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ امن، محبت، رواداری، اخوت اور انسانیت کا عملی درس دیتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہیں اور ہمیں باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا پیغام انسانیت کی خدمت، امن اور خیر خواہی ہے۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے اس موقع پر کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے تمام پروگراموں اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی عید گاہ اور اطراف کے علاقوں میں عاشقانِ رسول ﷺ کی سہولت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔ شرکاء کو گرمی سے بچانے کے لیے فوگ گنز، ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی موبائل سبیلوں کا انتظام کیا گیا جبکہ صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔
محفل کے دوران نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جس پر شرکاء نے انتہائی عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔ علمائے کرام نے اپنے خطابات میں نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کرانے اور معاشرے میں برداشت، رواداری، محبت اور اتحاد کی فضا قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و خوشحالی، ترقی و استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں