رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے تجربہ کار اور متحرک پولیس افسر رائے سہیل کو ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن تعینات کر دیا۔ تعیناتی کے بعد ایس ایچ او رائے سہیل نے تھانہ بی ڈویژن میں چٹی دلالوں کے داخلے پر سختی سے پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو بلا خوف و خطر اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے براہِ راست پولیس سے رجوع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ایس ایچ او رائے سہیل ضلع رحیم یار خان کے مختلف تھانوں میں اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق وہ جہاں بھی تعینات رہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں اور امن و امان کے قیام کے لیے عملی اقدامات ان کی ترجیحات میں شامل رہے ہیں۔
تھانہ بی ڈویژن میں رائے سہیل کی تعیناتی کی اطلاع پر اہل علاقہ کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رائے سہیل ایک میرٹ پسند اور فرض شناس پولیس افسر کے طور پر شہرت رکھتے ہیں اور شہریوں کے مسائل کو میرٹ کی بنیاد پر سننے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
اس موقع پر ڈویژنل بیورو چیف میاں طالب حسین نے ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن رائے سہیل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے سوال کیا۔
سوال کے جواب میں ایس ایچ او رائے سہیل نے کہا کہ انہوں نے تھانہ بی ڈویژن میں باقاعدہ طور پر اپنی ورکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ان شاء اللہ میں اپنے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور محنت کروں گا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دوں گا۔”
انہوں نے کہا کہ ایسے غریب اور مظلوم شہری جو کسی خوف یا دباؤ کی وجہ سے اپنی شکایات لے کر تھانے نہیں آتے، ان کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ بلا خوف و خطر تھانے آئیں۔ ان کا جو بھی جائز مسئلہ ہوگا، اسے میرٹ اور قانون کے مطابق حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ایس ایچ او رائے سہیل نے اپنے سینئر کمانڈر ڈی پی او عرفان علی سموں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سینئر افسر کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پوری ایمانداری، فرض شناسی اور میرٹ کی بنیاد پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “تھانہ بی ڈویژن میں کسی بھی قسم کے چٹی دلال یا غیر متعلقہ شخص کو شہریوں اور پولیس کے درمیان رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میری کوشش ہوگی کہ تھانے کا ماحول بہتر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ ہر خاص و عام شہری بلا خوف اپنی شکایت لے کر میرے پاس آ سکے اور اسے قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جا سکے۔”
رائے سہیل نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے لیے پولیس کی گشت اور نگرانی کے نظام کو بھی مؤثر بنایا جائے گا۔
