چک نمبر 43 کرکٹ کلب نے چک نمبر 65 کو 72 رنز سے شکست دے کر پہلا راجہ کنول کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

Spread the love

خان پور/رحیم یار خان (میاں طالب حسین،
ڈویژنل بیورو چیف)

فیروزہ کے نواحی علاقے چک نمبر 87 عباسیہ میں پہلے راجہ کنول کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف چکوک کی 16 کرکٹ ٹیموں نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 11 اگست کو منعقدہ افتتاحی تقریب کے بعد ہوا، جس کے بعد مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے سیٹھ لکھو رام اور ان کی پوری ٹیم نے بھرپور محنت کرتے ہوئے بہترین انتظامات کیے، جس پر کھلاڑیوں، شائقینِ کرکٹ اور علاقہ مکینوں نے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ٹورنامنٹ کا سنسنی خیز فائنل چک نمبر 65 کرکٹ کلب اور چک نمبر 43 کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ چک نمبر 43 کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چک نمبر 65 کو 72 رنز سے شکست دے کر پہلے راجہ کنول کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل میچ اور اختتامی تقریب میں بھیا رام انجم، تاحیات چیئرمین میگھ ونش سماج ضلع رحیم یار خان، پروفیسر رمیش جیپال، پنڈت کیلاش کمار، رانا جمشید صدیق، چوہدری لیاقت علی، ماسٹر حافظ عبدالوہاب سمیت علاقے کے دیگر معززین اور قائدین نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور ٹورنامنٹ کے بہترین انعقاد پر سیٹھ لکھو رام اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو مثبت سمت دینے اور معاشرے میں صحت مند ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں