رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”کرپشن فری پنجاب“ پر مؤثر اور جامع انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) آبگینے خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم، اسسٹنٹ کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد، ایڈمنسٹریٹر آفیسر ریاست علی سمیت دیگر متعلقہ افسران اور مختلف برانچوں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے مختلف محکموں اور برانچوں میں شفافیت، میرٹ، قانون کی بالادستی اور شہریوں کو سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف شعبوں میں جاری انتظامی امور، عوامی شکایات کے ازالے اور کرپشن کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”کرپشن فری پنجاب“ پر عملدرآمد کے لیے سرکاری امور میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر میں بلاجواز تاخیر، غیر ضروری رکاوٹوں اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری دفاتر میں کسی شہری سے رقم طلب کرنے والے افسر یا اہلکار کی براہِ راست شکایت ڈپٹی کمشنر، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا متعلقہ دفتر کے سربراہ کو کی جائے۔ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر کرپشن جیسے ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے عوام بدعنوانی کی کسی بھی کوشش کو خاموشی سے برداشت کرنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائیں۔ شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے شفاف اور کرپشن سے پاک انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بدعنوان عناصر اور کرپشن میں ملوث ملازمین کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اختیارات کے ناجائز استعمال، رشوت طلب کرنے یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے دروازے شہریوں کے لیے کھلے رکھے جائیں اور درخواستوں، کیسز اور عوامی شکایات کو مقررہ مدت کے اندر میرٹ پر نمٹایا جائے۔ افسران اپنے ماتحت عملہ کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کریں اور سرکاری امور میں شفافیت کو ہر سطح پر یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ”کرپشن فری پنجاب“ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو شفاف، میرٹ پر مبنی، باوقار اور بلا رکاوٹ سرکاری خدمات کی فراہمی ہے۔ ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان اس ویژن کو عملی شکل دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے کلچر کو فروغ دینا ہر افسر اور اہلکار کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، دیانت داری اور فرض شناسی سے سرانجام دیں اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
