رحیم یارخان: ایس ایچ او اسامہ رحمان لاڑ کا میرٹ پر کام کرنے کا عزم، تھانے میں چٹی دلالوں کا داخلہ ممنوع

Spread the love

رحیم یارخان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین

تھانہ بی ڈویژن رحیم یارخان کے نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او اسامہ رحمان لاڑ نے واضح کیا ہے کہ تھانے کے تمام امور میرٹ، قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق انجام دیے جائیں گے، جبکہ کسی بھی قسم کی سفارش یا غیر قانونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او اسامہ رحمان لاڑ نے کہا کہ “ان شاء اللہ تعالیٰ جتنے بھی کام ہیں، میرٹ کی بنیاد پر کروں گا۔ میرے تھانے کے اندر چٹی دلالوں کا داخلہ سختی سے ممنوع ہے، کسی بھی چٹی دلال کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
اسامہ رحمان لاڑ اس سے قبل بھی ضلع کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ لیاقت پور میں بھی وہ بطور ایس ایچ او خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں ان کے بارے میں میرٹ اور قانون کے مطابق فرائض کی انجام دہی کا تاثر پایا جاتا ہے۔
ڈی پی او رحیم یارخان عرفان علی سموں نے اسامہ رحمان لاڑ کو تھانہ بی ڈویژن کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ان کی تعیناتی کو پولیس حلقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسامہ رحمان لاڑ کو ایک فرض شناس، نڈر اور بہادر پولیس افسر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے تھانے کے دروازے کھلے رہیں گے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے ایس ایچ او کی تعیناتی سے تھانہ بی ڈویژن کی حدود میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں