نمائندہ خصوصی
پمز میں حالیہ دلخراش سانحہ کے بعد ایک نرس جس نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک بچے کی زندگی بچائ، اُس کی اِس بےمثال جرأت اور خدمت کے اعتراف میں اُسے ایک کروڑ روپے کا انعام دیا گیا۔
یہ انعام دراصل صرف ایک فرد کی خدماتِ کا اعتراف نہیں, بلکہ نرسنگ کے مقدس پیشے کے نام ایک خراجِ تحسین ہے۔
یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ نرسنگ کا شعبہ ہی دراصل میڈیکل پروفیشن کی روح ہے۔
ہسپتال میں ڈاکٹر مریض کا معائنہ کرتا ہے، تشخیص کرتا ہے، علاج تجویز کرتا ہے، اور پھر دوسرے مریض کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔
مگر نرس مریض کے سرہانے ڈٹی رہتی ہے۔ وہ اس کی نبض کی دھڑکن میں چھپی کہانی پڑھتی ہے، اس کی سانسوں کا حساب رکھتی ہے، دوا کے اثرات پر نظر جمائے رکھتی ہے، اور مریض کی حالت میں آنے والی ذرا سی تبدیلی بھی محسوس کر لیتی ہے۔
وہ کبھی بیٹی بن کر مریض کے سر پر شفقت کا ہاتھ پھیرتی ہے، کبھی بہن بن کر اس کا کانپتا ہوا ہاتھ تھام لیتی ہے، اور کبھی ماں بن کر اس کی ایک ایک سانس کی نگہبانی کرتی ہے۔ یہی وہ رشتے ہیں جو نرس کو محض ایک ملازم نہیں، ایک محسنہ بنا دیتے ہیں۔
ہسپتال میں اُس کا کردار صرف مریض کی تیمارداری تک محدود نہیں۔ وہ ڈاکٹر، مریض، عملے اور لواحقین کے درمیان ایک پُل کی مانند ہے ۔مریض کی دیکھ بھال، پریشان لواحقین کی تسلی و دلجوئی، اور ڈاکٹر کی ہدایات کو عملی جامہ پہنا کر مریض کی کیفیت سے مسلسل باخبر رکھنے کی ذمہ داری بھی اس کے فرائض میں شامل ھے۔
خصوصاً سرکاری ہسپتالوں کے کٹھن حالات میں، جہاں کبھی بستر کم پڑ جاتے ہیں، کبھی ضروری ادویات و سامان محدود ہو جاتا ہے اور مریضوں کا دباؤ لمحہ بہ لمحہ بڑھتا رہتا ہے، وہی نرس ہوتی ہے جو کم وسائل میں بھی پورے وارڈ کو سنبھالے رکھتی ہے۔ بسا اوقات کوئی ضروری چیز ہسپتال میں دستیاب نہ ہو تو وہ اپنی الماری میں کسی ہنگامی گھڑی کے لیے سنبھال رکھی ہوئی چیز نکال کر مریض تک پہنچا دیتی ہے، اور یہی ایک عمل کسی کے لیے زندگی اور موت کے درمیان فرق بن جاتا ہے۔
یہ وہ خدمت ہے جس کا کوئی بل نہیں بنتا، کوئی رسید نہیں ملتی، اور اکثر کوئی دیکھنے والا بھی نہیں ہوتا مگر انتہائی خاموشی سے ایک زندگی بچا لیتی ھے۔
ایک نووارد ہاؤس آفیسر جب پہلی بار ہسپتال کے عملی میدان میں قدم رکھتا ہے، تو کتابوں میں پڑھا ہوا علم حقیقت کا روپ دھارنے میں ایک تجربہ کار نرس اُس کی خاموش استاد بن جاتی ہے۔ وہ اسے مریض کی نگہداشت، ہنگامی کیفیت کو بھانپنے، علاج کے عملی تقاضوں اور حالت کی معمولی تبدیلی کو محسوس کرنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔
افسوس کہ ہمارے معاشرے میں نرسنگ کے اس عظیم کردار کو وہ عزت اور مقام نصیب نہیں ہوا جس کی یہ حق دار ہے۔ کبھی اس کی محنت کو نظرانداز کیا جاتا ہے، اور کبھی اسے نامناسب رویوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
نرس کو مناسب اوقاتِ کار، آرام، محفوظ ماحول، ضروری وسائل، بہتر سہولیات، اور سب سے بڑھ کر عزت و احترام دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
پمز جیسے عظیم قومی ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے صرف عالیشان عمارتیں اور جدید آلات کافی نہیں؛ اس کے تمام ملازمین کی تقویت بھی اُتنی ہی ضروری ہے۔ جب ڈاکٹر، نرس، پیرامیڈِکس اور تمام طبی عملہ ذہنی سکون، مناسب سہولیات اور عزت کے ماحول میں کام کریں گے، تو اس کا براہِ راست ثمر مریض کو ملے گا۔
نرس اور ہسپتال کا تعلق ایسے ہے جیسے زندگی کا سانس سے۔
*نرس ہسپتال کی محض ایک ملازم نہیں؛ وہ ہسپتال کی روح، مریض کی امید، اور زندگی کی خاموش محافظ ہے۔ایک ھیڈ نرس کے ساتھ ڈاکٹر،وارڈ بوائے،سینیٹری ورکرز،ایاز سب مل کر مریضوں کی دن رات خدمت عبادت سمجھ کر کرتے ھیں،سرپرست اعلیٰ پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈاکٹر منصور احمد،سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف،پریس سیکرٹری ملک تنویر نوشاھی،مرزا محمد اکمل فنانس سیکرٹری،ضیاء الرحمن لودھی سینئر نائب صدر،میڈم بشرت نائب صدر،اور دیگر کا اظہار خیال
ڈاکٹر منصور احمد
ایکس کنسلٹنٹ ریڈیولوجسٹ
پمز ہسپتال، اسلام آباد
پیٹرن اِن چیف
پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن.
