سردار گڑھ کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کو ٹریلر کی ٹکر، افراد11 جاں بحق، 60/65 سے زائد زخمی
زخمیوں کو شیخ زاید ہسپتال رحیم یار خان اور ٹی ایچ کیو میانیوالی قریشیاں منتقل کر دیا گیا، ریسکیو 1122 اور پولیس کی فوری کارروائیاں، شادی والا گھرانہ ماتم میں تبدیل

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
سردار گڑھ کے قریب ایل پی روڈ پر باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 60/65 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بارات شیخ واہن سے ظاہر پیر جا رہی تھی کہ ایل پی روڈ پر سردار گڑھ کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کو ٹریلر نے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹرالی میں سوار متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر شیخ زاید ہسپتال رحیم یار خان اور ٹی ایچ کیو ہسپتال میانیوالی قریشیاں منتقل کیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں منیشہ زوجہ مختیار، سلمیٰ بی بی زوجہ محمد یوسف، علیزہ دختر یوسف، شبانہ بی بی زوجہ اللہ بخش، عریبہ زوجہ اللہ بخش، شالا بی بی زوجہ غلام فرید، نسرین زوجہ ماجد، مہتاب بی بی دختر عابد، 14 سالہ نامعلوم لڑکا، شمیلہ دختر نذیر احمد، کلیم اللہ ولد بلال، نمرہ زوجہ غلام قادر، نادیہ زوجہ نوید، حمیرا دختر محمد اقبال، جنید ولد اقبال، سائرہ زوجہ اقبال، عقیل ولد ارشاد احمد، توقیر ولد وزیر، جویریہ دختر صابر حسین، منیبہ دختر عابد، ارباب ولد عابد، بہزاد ولد شہزاد، سمرین زوجہ قاسم، نوید ولد مجاہد، فرحانہ دختر فیاض، امارہ زوجہ جمیل، زینت دختر عابد، زینب زوجہ عقیل، تقریباً 18 سالہ نامعلوم نوجوان، سغراں بی بی زوجہ مظہر، بلال ولد نوید اور انعم دختر یوسف سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض افراد کے سر، چہرے، ہاتھ، ٹانگوں اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں، جبکہ بعض زخمیوں کو فریکچر، اندرونی چوٹوں، خون بہنے، الٹی اور شدید درد کی شکایات کے باعث فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ متعدد زخمیوں کو شیخ زاید ہسپتال رحیم یار خان جبکہ دیگر کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میانیوالی قریشیاں پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 65/60 کے قریب بتائی جا رہی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں اور بعض اطلاعات میں تعداد 11 تک بتائی گئی ہے۔ تاہم حتمی تعداد کی سرکاری تصدیق متعلقہ حکام کی جانب سے ہونا باقی ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی اور انہیں بروقت ہسپتالوں تک پہنچایا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کی حالت کے پیش نظر انہیں ترجیحی بنیادوں پر مختلف طبی مراکز منتقل کیا۔
حادثے کے بعد رکن پور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف رہی۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے اور جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔
ادھر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جھپہ نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے بھی المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاندانوں میں صفِ ماتم بچھ گئی، جبکہ شادی کی خوشیاں اچانک غم میں بدل گئیں۔ حادثے کے باعث علاقے میں ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہو گئی۔
