ساہیوال ( آصف ندیم ) محکمہ خوراک ساہیوال ڈویژن سے گندم خریداری مہم 20 اپریل سے شروع کر رہا ہے جس دوران 4 لاکھ76 ہزار 6 سو میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی جس میں 2 لاکھ5 ہزار 9 سو میٹرک ٹن ضلع ساہیوال ،ایک لاکھ 81 ہزار 8 سو ضلع اوکاڑہ جبکہ 88 لاکھ 9 سو میٹرک ٹن ضلع پاکپتن سے خریدی جائے گی ۔یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ساہیوال ڈویژن حافظ سلیمان تنویر نے اپنے دفتر میں گندم خریداری مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ محکمے نے اس مقصد کیلئے ساہیوال ڈویژن میں45 خریداری سنٹر بنائے ہیں جن میں ضلع ساہیوال میں 22 ، ضلع اوکاڑہ میں 15 اور ضلع پاکپتن کے 8 سنٹر شامل ہیں ۔صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق رجسٹرڈافراد کو ہی گندم خریداری کی اجازت ہوگی تا کہ کسانوں کو کم قیمت پر گندم خرید کر انہیں مالی نقصان نہ پہنچایا جا سکے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ حافظ سلیمان تنویر نے مزید بتایا کہ محکمہ زراعت کے فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق ساہیوال ڈویژن میں 11 لاکھ15 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی جس میں3 لاکھ 47 ہزار 8 ایکڑ ضلع ساہیوال ،3 لاکھ9 ہزار 6 سو ضلع اوکاڑہ اور 4 لاکھ 57 ہزار 6 سو ایکڑ ضلع پاکپتن میں ہیں اور فصل کی متوقع اچھی پیداوار کی بدولت مقرر کردہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کی سہولت کیلئے باردانے کا حصول انتہائی سہل کرنے کیلئے گرداوری کی شرط ختم کر دی ہے تا کہ ہر کسان باآسانی باردانہ حاصل کر سکے ۔
