رحیم یار خان
(میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف):
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان میں وکلاء کے نئے اور منظم پلیٹ فارم ’’لائر ڈیموکریٹک موومنٹ‘‘ کی تشکیل کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ سردار حسن خان نیازی کو متفقہ طور پر موومنٹ کا چیئرمین نامزد کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں وکلاء رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار، سابق جنرل سیکرٹری و سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب منظور احمد وڑائچ، سابق ممبر پنجاب بار کونسل و سابق صدر ڈسٹرکٹ بار میاں عبدالسمیع ایڈووکیٹ، بانی وکلاء بہبود فنڈ محمود عباسی، اعجاز عباسی، غلام مرتضیٰ بھٹی، رئیس اسماعیل کھوکھر، فیاض احمد لنگاہ، میاں وحید ارشد، فیاض حنیف راہی اور ریاض احمد گھانگا سمیت سینئر و نوجوان وکلاء شامل تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ لائر ڈیموکریٹک موومنٹ کا بنیادی مقصد وکلاء کو فرسودہ نظام اور روایتی سیاست سے نکال کر باوقار، شفاف، جمہوری اور میرٹ پر مبنی نظام قائم کرنا ہے۔ اجلاس میں بار کی سیاست میں شفافیت، نوجوان وکلاء کی مؤثر نمائندگی اور انتخابات میں بے تحاشا اخراجات کی حوصلہ شکنی پر زور دیا گیا۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ مالی وسائل کے بجائے قابلیت، کردار اور خدمت کو ترجیح دی جائے گی اور چاپلوسی، بند کمروں کے فیصلوں اور ذاتی مفادات کی سیاست کا خاتمہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر تمام ہم خیال وکلاء سے لائر ڈیموکریٹک موومنٹ میں شمولیت کی اپیل کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا گیا کہ وکلاء کے حقوق اور بار کے وقار کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
