رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین )
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت پنجاب پراپرٹی ٹربیونل میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں ضلعی سکروٹنی کمیٹی نے درخواست دہندگان کا دستیاب سرکاری ریکارڈ، متعلقہ دستاویزات اور دیگر شواہد کی روشنی میں موقف سنا اور معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا۔سماعت کے دوران متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے درخواست سے متعلق دستیاب ریکارڈ اور متعلقہ امور بارے بریفنگ دی۔ ضلعی سکروٹنی کمیٹی نے درخواست دہندگان کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا اور معاملے کے تمام قانونی و انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) آبگینے خان، متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران، ایس ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب پراپرٹی ٹربیونل میں دائر درخواستوں سے متعلق تمام ریکارڈ کو مقررہ قوانین، قواعد و ضوابط اور دستیاب شواہد کے مطابق مکمل طور پر جانچا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی سکروٹنی کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے اور تمام متعلقہ محکمے اپنی رپورٹس اور ریکارڈ بروقت فراہم کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے معاملات میں تمام فریقین کا موقف اور دستیاب سرکاری ریکارڈ سامنے رکھتے ہوئے حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے تاکہ متعلقہ فورم کو درست اور جامع معلومات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ سرکاری ریکارڈ کی حفاظت، درستگی اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور پنجاب پراپرٹی ٹربیونل سے متعلق امور میں تمام قانونی و انتظامی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
