رحیم یار خان
(ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین )
مقامی اسکول میں طلبا اور ان کے والدین کی سہولت کے لیے نادرا موبائل وین کی آمد کا اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے بچوں کے فارم ب (B-Form) کی تیاری اور ڈیٹا اپ ڈیٹ کا عمل اسکول کی حدائق میں ہی نہایت عزت، احترام اور مناسب پروٹوکول کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ اس اقدام سے والدین کو نادرا دفاتر کے بار بار چکر لگانے اور لمبی قطاروں میں ذلیل و خوار ہونے سے نجات مل گئی۔
اس موقع پر اسکول آنے والے والدین نے نادرا سہولت کو سراہنے کے ساتھ ساتھ اسکول انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی و تدریسی معیار میں کی جانے والی نمایاں اصلاحات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ والدین کا کہنا تھا کہ اسکول میں نظم و ضبط کا بہترین ماحول قائم ہو چکا ہے اور اساتذہ کا رویہ انتہائی تعاون پر مبنی ہے۔
والدین نے خصوصی طور پر سر کامران انجم کی انتظامی و تعلیمی خدمات اور فعال کردار کی تعریف کی، جو پرنسپل صاحب کے شانہ بشانہ اسکول کی بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ تقریب کے دوران والدین نے پرنسپل صاحب اور اسکول اسٹاف کو پھولوں کے ہار پہنائے، جو اسکول پر ان کے گہرے اعتماد اور مثبت تبدیلیوں کی کھلی پذیرائی کا ثبوت ہے۔
تقریب میں ایپکا (All Pakistan Clerks Association) ضلع رحیم یار خان کے صدر جناب ندیم خان درانی نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اسکول کے دفتری و انتظامی معاملات میں بہتری اور نظم و نسق کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے اپنے مکمل تعاون اور فعال کردار کی یقین دہانی کرائی۔
اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ والدین کا یہ اعتماد اور پذیرائی ان کے لیے باعثِ فخر ہے، جس سے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے مزید محنت کا عزم مضبوط ہوا ہے۔ انتظامیہ نے تمام والدین کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ اسکول میں مثبت تبدیلی کا یہ سفر آئندہ بھی پوری تندہی کے ساتھ جاری رہے گا۔
