
چھاپہ مار ٹیمیں، انتظامی اکھاڑ پچھاڑ اور آئے روز کی انسپیکشنز مستقل حل نہیں، پمز کو بنیادی اصلاحات اور انصاف کی ضرورت ہے: ڈاکٹر منصور احمد
پمز کے مریضوں، ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری لگائی جائے: پریس سیکرٹری تنویر شاہی
اسلام آباد: پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں پمز ہسپتال کی موجودہ صورتحال، حالیہ افسوسناک سانحے کے بعد ہونے والے انتظامی اقدامات، ادارے کے بنیادی مسائل اور پمز کی بہتری کے لیے ضروری اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر منصور احمد نے پمز کے بنیادی ڈھانچے، انتظامی امور میں آئے روز کی تبدیلیوں، مختلف انسپیکشن ٹیموں اور چھاپہ مار طرز کی کارروائیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جزوقتی اور وقتی اقدامات سے پمز کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے ایک طرف ملازمین میں بے چینی پیدا ہوتی ہے تو دوسری طرف عوام کے جذبات کو بھی بار بار متحرک کیا جاتا ہے، جبکہ ادارے کی اصل اصلاح پسِ پشت رہ جاتی ہے۔
ڈاکٹر منصور احمد نے کہا کہ پمز کو ایک بہترین اور جدید معیار کا ریاستی ہسپتال بنانے کے لیے کسی بڑے بنیادی ڈھانچے کو ازسرِنو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ادارے میں میرٹ، انصاف، شفافیت اور انتظامی جواب دہی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پمز کے ملازمین کے جائز حقوق اور ہسپتال کی ضروریات سے متعلق بے شمار معاملات ایسی فائلوں میں مہینوں بلکہ بعض اوقات برسوں سے زیرِ التوا ہیں جو وزارتوں اور اعلیٰ حکام کے دفاتر میں موجود ہیں۔ اسی طرح ملازمین کے متعدد جائز معاملات اور مقدمات بھی طویل عرصے سے فیصلہ طلب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس ادارے کے ملازمین کو اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے برسوں انتظار کرنا پڑے، وہاں صرف انسپیکشن اور انتظامی تبدیلیاں اصلاح کا متبادل نہیں بن سکتیں۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے پریس سیکریٹری جناب تنویر شاہی نے پمز کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی اور نوے کی دہائی میں حکمرانوں، وزراء، سینیٹرز اور پارلیمنٹ کے ارکان سمیت بااثر شخصیات بھی پمز میں زیرِ علاج رہتی تھیں۔ اس وجہ سے وہ ہسپتال کے مسائل، وسائل کی کمی، مشینری کی عدم دستیابی اور علاج معالجے کی عملی مشکلات سے براہِ راست واقف ہوتے تھے اور ضرورت کے مطابق سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ اہلِ اقتدار اور بااثر طبقات نے اپنے علاج کے لیے زیادہ تر نجی ہسپتالوں اور بڑے علاج مراکز کا رخ کرنا شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں پمز کے ساتھ وہ براہِ راست تعلق اور احساسِ ذمہ داری کمزور ہوا جو ماضی میں اس ادارے کی ترقی کا ایک اہم محرک تھا۔
تنویر شاہی نے تجویز پیش کی کہ اہلِ اقتدار اور ذمہ دار حکام کو پمز کی طبی سہولیات سے استفادہ کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے اور سرکاری سطح پر پمز میں علاج کے نظام کو مضبوط بنایا جائے، تاکہ فیصلہ ساز طبقہ خود بھی اس ادارے کے مسائل کو قریب سے دیکھ اور سمجھ سکے۔
انہوں نے مزید تجویز دی کہ سرکاری علاج معالجے پر ہونے والے اخراجات میں شفافیت اور عوامی جواب دہی کے لیے مناسب قانونی و انتظامی طریقۂ کار وضع کیا جائے، تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ قومی وسائل کہاں اور کس مقصد کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
تنویر شاہی نے کہا کہ پمز کے ملازمین، ڈاکٹرز، ہیلتھ پروفیشنلز اور نرسنگ اسٹاف کو موردِ الزام ٹھہرانے یا ہسپتال میں بار بار چھاپہ مار ٹیمیں بھیجنے کے بجائے خود پمز آ کر مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور اعلیٰ حکام کو پمز میں مریضوں، ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین کے ساتھ کھلی کچہری منعقد کرنی چاہیے۔ ان کے مسائل کو ٹھنڈے دل و دماغ سے سنا جائے، اصل مشکلات کی نشاندہی کی جائے اور ان کے حل کے لیے فوری اور قابلِ عمل اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اندر کام کرنے والے افراد ہی روزانہ کی بنیاد پر اس نظام کی مشکلات کو سب سے بہتر جانتے ہیں۔ اس لیے اصلاحات مرتب کرتے وقت ان کی رائے کو نظرانداز کرنے کے بجائے انہیں اصلاحی عمل کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
اجلاس کے شرکاء ضیاء الرحمن لودھی،حاجی محمد حنیف،مرزا محمد اکمل اوردیگرنے اس امر پر اتفاق کیا کہ پمز جیسے قومی ادارے کو عارضی، جذباتی اور نمائشی اقدامات کے بجائے مستقل، شفاف اور میرٹ پر مبنی انتظامی نظام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب ضرور ہونا چاہیے، مگر ایسا احتساب جو اصلاح کا ذریعہ بنے، خوف اور بے یقینی کا نہیں۔ ذمہ داروں کا تعین بھی ہو، کوتاہیوں کی نشاندہی بھی ہو اور ساتھ ہی ان خامیوں کو پیدا کرنے والے انتظامی نظام کی بھی اصلاح کی جائے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اپنے سابق ملازمین کے طویل تجربے اور ادارے کے بارے میں تاریخی و عملی علم کو پمز کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کے لیے ہر مثبت اور تعمیری کوشش میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
شرکاء نے کہا کہ پمز کو بچانے اور مضبوط بنانے کا راستہ چھاپہ مار کارروائیوں، عارضی انتظامی تبدیلیوں اور ملازمین کو دباؤ میں لانے سے نہیں بلکہ انصاف، میرٹ، شفافیت، وسائل کی بروقت فراہمی اور پمز کے اپنے تجربہ کار لوگوں کی مشاورت سے نکلتا ہے۔
پمز ہمارا قومی اثاثہ ہے؛ اس کی اصلاح دراصل پاکستان کے مریضوں اور انسانیت کی خدمت کی اصلاح ہے۔
