رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم کی زیر صدارت سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ تعلیم، کالجز، یونیورسٹی، نجی سکولز و کالجز، یونیورسٹی، مدارس، ٹیوٹا، سپیشل ایجوکیشن اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شاہد حمید چوہدری نے سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے حوالے سے رجسٹریشن کے عمل، مقابلوں کے قواعد و ضوابط، مختلف مراحل، محکمانہ ذمہ داریوں اور انتظامی امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے لئے رجسٹریشن کا عمل 9 ستمبر سے 25 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ اکتوبر سے باقاعدہ کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سمیت مدارس اور دیگر متعلقہ ادارے بھی رجسٹریشن کروا کر شرکت کے اہل ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم نے کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کریں گے، لہٰذا ضلع رحیم یار خان سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مدارس، کالجز، یونیورسٹی، ٹیوٹا، سپیشل ایجوکیشن اور لٹریسی اداروں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنائی جائے تاکہ کھیلوں کے ان بڑے مقابلوں میں ضلع کی بھرپور نمائندگی ہو سکے۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں متعلقہ تعلیمی اداروں اور
دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے لئے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کریں اور زیادہ سے زیادہ اداروں کی شرکت یقینی بنائیں۔
چوہدری اعتزاز انجم نے کہا کہ رجسٹریشن کی مقررہ آخری تاریخ سے پانچ روز قبل ضلعی سطح پر دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں تمام تحصیلوں میں ہونے والی رجسٹریشن کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے عمل میں درپیش مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تمام اہل اداروں کو مقابلوں میں شرکت کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے، جس کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا بلکہ نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے میں بھی مدد ملے گی۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع رحیم یار خان رجسٹریشن کے مراحل میں پنجاب بھر میں تیسرے نمبر پر ہے، تاہم مزید تعلیمی اداروں کی شرکت اور رجسٹریشن کے ذریعے ضلع کی پوزیشن کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مقابلوں کے انتظامی طریقہ کار بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی سطح سے تحصیل سطح تک آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کنوینئر جبکہ سپورٹس آفیسر سیکرٹری ہوں گے، جبکہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کنوینئر اور متعلقہ سپورٹس آفیسر سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان کمیٹیوں کے ممبران ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے مقابلوں کا آغاز یونین کونسل کی سطح سے ہوگا، جس کے بعد مقابلے تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح تک منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان نے سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور رجسٹریشن و مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
