رحیم یار خان
(ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین)
محکمہ آبپاشی کے افسران اور بااثر افراد کی مبینہ ملی بھگت نے ایک غریب اور حق دار کاشتکار کی روزی روٹی کاٹ کر رکھ دی۔ چک نمبر 191 پی صادق آباد کے رہائشی مظلوم کاشتکار چوہدری محمد زید نے محکمہ آبپاشی کی مبینہ زیادتیوں اور غفلت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اعظم شہباز شریف سے انصاف کی اپیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری محمد زید نے اپنے موگہ نمبر 344480/R گلن 42 کی پانی کی وارہ بندی (پانی کی باری) کی منصفانہ تقسیم کے لیے ایس ڈی او آبپاشی کو تحریری درخواست دی تھی۔ جس پر سابقہ ایس ڈی او محمود لشاری نے موقع کا معائنہ کیا، مخالف فریق کو موقع پر طلب کیا اور تمام ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد واضح الفاظ میں تسلیم کیا کہ کاشتکار کا قانونی اور شرعی حق بنتا ہے۔
تاہم، ضلع دار آصف اور سب رجسٹرار کلیم اللہ نے مبینہ طور پر اس تسلیم شدہ حقیقت کے باوجود کارروائی کو مسلسل دو سال تک لٹکائے رکھا۔ دو سال کی طویل تگ و دو اور خواری کے بعد افسران نے ایک انتہائی متنازع اور غیر منصفانہ فیصلہ سناتے ہوئے کاشتکار کو حکم دیا کہ وہ “ایک ماہ بعد” پانی لگا سکتا ہے، جو کہ صریحاً زیادتی اور حق تلفی کے مترادف ہے۔
مظلوم کاشتکار نے افسران کے اس نام نہاد فیصلے اور زاہد عبدالرؤف و دیگر کے خلاف ایکسیئن (XEN) آبپاشی کو اپیل دائر کی، لیکن بدقسمتی سے وہ اپیل بھی تاحال سرد خانے کی نذر ہے اور اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔
سخت برہم اور پریشان حال کاشتکار چوہدری محمد زید نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
”اگر محکمہ آبپاشی کے بااثر افسران اور انتظامیہ نے میرے ساتھ انصاف نہ کیا اور میری وارہ بندی کا جائزہ لے کر حق نہ دیا، تو میں اپنے دیگر ساتھیوں اور کسانوں کے ساتھ مل کر محکمہ آبپاشی کے دفتر کے سامنے شدید احتجاج اور دھرنا دوں گا۔”
مظلوم کاشتکار نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے فوری مداخلت کی التجا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت اور نااہلی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت سے سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے اور انہیں پانی کا جائز حق دلایا جائے۔
