رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحانات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عادل رحمٰن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو ایم ڈی کیٹ امتحانات کے حوالے سے کیے گئے انتظامات، سکیورٹی پلان، امیدواروں کی آمد و رفت، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ ایم ڈی کیٹ امتحانات کے موقع پر امیدواروں کو پرسکون، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے، امتحانی مرکز کے اطراف میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ امتحان میں شریک طلبہ و طالبات کے ساتھ آنے والے والدین اور سرپرستوں کے لیے بھی مناسب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں والدین کے بیٹھنے کے لیے بنیادی سہولیات سے آراستہ انتظار گاہ بھی قائم کی گئی ہے، جہاں وہ امتحان کے دوران انتظار کر سکیں گے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانی مرکز پر بجلی، پینے کے صاف پانی، صفائی، پارکنگ، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر ضروری انتظامات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امتحان کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اور طبی ٹیمیں الرٹ رہیں۔
حکام نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ امتحانات کے موقع پر ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، پولیس، ٹریفک پولیس، پیرا فورس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ امتحانی مرکز اور اطراف میں سکیورٹی و انتظامی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے مربوط انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ امتحانات کے اختتام تک اپنے فرائض پوری ذمہ داری، مستعدی اور باہمی رابطے کے ساتھ انجام دیں تاکہ امیدوار بلا رکاوٹ اور پُرامن ماحول میں امتحان دے سکیں۔
