(ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین )
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں عامر شہباز کی شاندار اور تاریخی کامیابی کے بعد مبارکباد دینے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں گروپ لیڈر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و انجمن تاجران سکول بازار ملک حسن اپنے ایک اہم وفد کے ہمراہ نومنتخب رہنما میاں عامر شہباز سے ملاقات کے لیے گئے۔ وفد میں سجاد کمبوہ، عمران چوہدری اور دیگر ممتاز قائدین بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران قائدین نے اپنے محبوب لیڈر میاں عامر شہباز کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ میاں عامر شہباز انجمن تاجران سکول بازار اور جدید بازار کے جتنے بھی دیرینہ اور فلاحی مسائل ہیں، انہیں حل کرنے میں اپنا بھرپور اور کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اس پرجوش موقع پر تمام دوست احباب نے میاں عامر شہباز کو ہار پہنائے اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر میاں محمد عامر شہباز نے انجمن تاجران سکول بازار اور جدید بازار کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مکمل یقین دہانی کرائی کہ انشاءاللہ تعالیٰ تاجر برادری کے جتنے بھی مسائل ہیں، میں ان کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لوں گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انجمن تاجران سکول بازار کے گروپ لیڈر ملک حسن علی اور ان کے وفد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انشاءاللہ تعالیٰ ہم نے اپنا فرض احسن طریقے سے ادا کر دیا ہے اور تمام ڈسٹرکٹ کے دوستوں نے میاں عامر شہباز کو چیمبر آف کامرس کا ووٹ دے کر اس کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔ وفد نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ میاں عامر شہباز نے انتخابات میں کلین سوئپ کر کے پورے ضلع کے تاجروں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، اور تاجر برادری آج بھی میاں عامر شہباز کے ساتھ ہے، کل بھی شانہ بشانہ کھڑی تھی اور ہر قدم پر ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ تاجر برادری نے اس شاندار کامیابی کو رحیم یار خان کے تاجروں کی حقیقی اور تاریخی جیت قرار دیا تھا۔
کامیابی کے بعد میاں عامر شہباز نے چنی گوٹھ سے لے کر کوٹ سبزل تک کے تمام دوست احباب کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا تھا، اور خاص طور پر اپنے قریبی ساتھیوں، انجمن تاجران سکول بازار، صرافہ بازار اور پورے ضلع بھر کے تاجروں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ انتخابات میں کیے گئے تمام وعدے انشاءاللہ تعالیٰ پورے کیے جائیں گے۔
