
جہلم (بلال رضا): القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان اسلام پورہ جہلم کے بچوں کے لیے ایک نہایت خوبصورت اور یادگار دن کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف کاروباری شخصیت ‘عبداللہ الیکٹرانکس’ کے مالکان جناب حسن کیانی اور علی کیانی کی جانب سے خصوصی بچوں کو کے ایف سی (KFC) میں پرانوار لنچ کروایا گیا۔
تقریب میں القاسم انسٹیٹیوٹ کے بچوں، اساتذہ، اسسٹنٹ اسٹاف کے علاوہ معزز کونسل ممبران چوہدری تاثیر، شکیل احمد سیٹھی، توقیر اسلم، عمر بٹ اور عرفان ملک نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر کیانی برادران اور ان کی فیملی نے تمام تر کاروباری مصروفیات ترک کرتے ہوئے اپنا شوروم بند رکھا اور اپنا قیمتی وقت ان خصوصی بچوں کے ساتھ گزارا۔ انہوں نے نہ صرف بچوں کا پرخلوص استقبال کیا بلکہ اپنے ہاتھوں سے کھانا اور آئس کریم سرو کی، بچوں کے ساتھ باتیں کیں اور خوبصورت تصاویر بھی بنوائیں۔
انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ کے مطابق کیانی برادران القاسم انسٹیٹیوٹ کے تین خصوصی بچوں کی مستقل کفالت کی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر صدر القاسم انسٹیٹیوٹ نے حسن کیانی، علی کیانی اور ان کے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے محسنین معاشرے اور ادارے کے لیے اللہ تعالی کی خاص نعمت ہیں۔ انہوں نے کیانی برادران کے رزق، کاروبار اور صحت میں برکت کے لیے خصوصاً دعا کی اور ان کے اس جذبہ خیر سگالی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
