رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے مختلف فلاح عامہ کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ترنڈہ سوائے خان فیملی اینڈ چلڈرن پارک، نوشہرہ مائنر چھلاں والا تا عباسیہ پل اپ گریڈیشن منصوبہ اور گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول میں طلباء کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کے لیے تیار کیے گئے ماڈل کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ترنڈہ سوائے خان فیملی اینڈ چلڈرن پارک کا دورہ کرتے ہوئے پارک میں شہریوں بالخصوص بچوں اور خاندانوں کے لیے فراہم کردہ تفریحی سہولیات، تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی، شجرکاری اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔چیف آفیسر ذوہیب افضل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک کا 70فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے جلد پارک میں خوبصورت پودے اور بچوں کے لئے جھولے لگانے کے بعد اسے فیملیز کے لئے کھول دیا جائے گا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے نوشہرہ مائنر چھلاں والا تا عباسیہ پل اپ گریڈیشن منصوبے کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کام کی رفتار، معیار اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور منصوبے کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ترنڈہ سوائے خان کا بھی دورہ کیا، جہاں طلباء میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے تیار کیے گئے ماڈل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کا فروغ معاشرے میں ذمہ دار شہری رویوں کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے طلباء کو ٹریفک قوانین کی پابندی، سڑک عبور کرنے کے محفوظ طریقوں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی مقامات کی بہتری، سڑکوں و دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور نوجوان نسل میں شہری ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں اور اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
