وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کے مراکز کا معائنہ، غیر حاضر اہلکاروں کی فوری معطلی کے احکامات

Spread the love

جہلم (بلال رضا): وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام پر مؤثر عملدرآمد اور عوام تک فیول ریلیف کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ جہلم سارہ امجد نے ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے انفورسمنٹ آفیسرز کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے پروگرام کے تحت قائم مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے رجسٹریشن، ٹوکن کی تصدیق، عوامی رہنمائی اور رعایتی پٹرول کی فراہمی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ نے مراکز پر تعینات اہلکاروں کی حاضری اور ذمہ داریوں کی انجام دہی کو بھی چیک کیا۔ ڈیوٹی کے اوقات میں بعض اہلکار موقع پر موجود نہ پائے جانے پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کی فوری معطلی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف سے وابستہ فرائض میں غیر حاضری، غفلت یا کوتاہی پر سخت جوابدہی یقینی بنائی جائے گی۔

سارہ امجد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کے مراکز پر عملے کی مکمل حاضری، مؤثر فیلڈ نگرانی اور عوام کی بروقت رہنمائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے رجسٹریشن سے ٹوکن کی تصدیق اور رعایتی پٹرول کی فراہمی تک پورے عمل کو شفاف، منظم اور بلاتعطل رکھنے کے ساتھ پروگرام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں