
جہلم (بلال رضا): رورل ہیلتھ سینٹر دینہ میں طبی خدمات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق نے معمول کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مرکز صحت کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کیے جانے والے علاج، ادویات کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران صفائی ستھرائی کی صورتحال تسلی بخش پائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مریضوں سے براہِ راست گفتگو کرکے علاج معالجے، طبی عملے کے رویے اور ادویات کی دستیابی سے متعلق ان کی رائے بھی دریافت کی۔ مریضوں کی جانب سے علاج اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مثبت رائے سامنے آئی، جبکہ مرکز صحت کے مجموعی انتظامات بھی تسلی بخش پائے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق نے مرکز صحت کی انتظامیہ کو موجودہ معیار برقرار رکھنے اور مریضوں کو بروقت و معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضروری ادویات کی مسلسل دستیابی، صفائی کے معیار میں تسلسل اور مریضوں کی مؤثر رہنمائی کے ساتھ مجموعی سروس ڈیلیوری کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھنے پر زور دیا۔
