ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے کارکردگی انڈیکیٹرز پر عملدرآمد اور مقررہ اہداف کے حصول کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے کارکردگی انڈیکیٹرز پر عملدرآمد اور مقررہ اہداف کے حصول کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران میونسپل کمیٹیز، چیف آفیسر ضلع کونسل، ستھرا پنجاب ایجنسی، صاف پانی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ تمام کارکردگی انڈیکیٹرز کے سو فیصد اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بنیادی میونسپل سروسز کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں مین ہولز کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کسی بھی مین ہول کو کور کے بغیر نہ چھوڑا جائے۔ ٹوٹے ہوئے، کمزور یا ناقص مین ہول کورز کو ترجیحی بنیادوں پر تبدیل کیا جائے جبکہ تمام بلدیاتی اداروں میں اضافی مین ہول کورز کا مناسب اسٹاک بھی یقینی بنایا جائے۔انہو ں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ میونسپل سروسز کی مؤثر نگرانی کریں اور خصوصی اسکواڈز کے ذریعے مختلف علاقوں میں مین ہول کورز کی موجودگی اور حالت کو باقاعدگی سے چیک کروائیں تاکہ شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، اہم شاہراہوں، بازاروں، ماڈل بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیوریج مین لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل بھی مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے اور نکاسی آب کے مسائل کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے صاف پانی کے منصوبوں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ، صفائی اور فعال حالت یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کارکردگی انڈیکیٹرز کے اہداف کے حصول کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں عملی اقدامات کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں