یوتھ پازیٹو مارشل آرٹس اور راجہ’s مارشل آرٹس سینٹر کے زیرِ اہتمام بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا انعقاد کیا

Spread the love


دینہ میں بچوں اور بچیوں کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے یوتھ پازیٹو مارشل آرٹس اور راجہ’s مارشل آرٹس سینٹر کے زیرِ اہتمام بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کم عمر بچوں اور بچیوں سمیت طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اپنی مارشل آرٹس صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ 27 ستمبر کو منعقد ہونے والے بیلٹ پروموشن ٹیسٹ میں بچوں اور بچیوں نے جسمانی فٹنس، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور مارشل آرٹس کی مختلف مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد نئی نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور خود اعتمادی بڑھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ٹیسٹ میں اماز علی نے پہلی، عروش آزاد نے دوسری جبکہ حورب ذوالقرنین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ شہیر آزاد، ابریش ذوالقرنین، محمد شایان، محمد فصیح، احسن اسحاق اور محمد عارض نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں اور بچیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں سرٹیفکیٹس اور کپ بطور انعام دیے گئے، جس سے شرکاء میں مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوا۔ بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کے امتحان کنندگان شیخ سلیم، بلیک بیلٹ فرسٹ ڈان، اور واصف شاہ، بلیک بیلٹ فرسٹ ڈان تھے، جبکہ ایونٹ کے چیف آرگنائزر سینسی توحید شاہ، بلیک بیلٹ سیکنڈ ڈان تھے۔ تقریب میں دینہ کے نامور صحافیوں محمد علی اویس، ندیم عباس، ذوالقرنین شاہ، الطاف اسحاق اور محمد رضوان میر نے بھی شرکت کی اور بچوں و بچیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس صرف ایک کھیل نہیں بلکہ بچوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، جسمانی فٹنس، برداشت اور مثبت سوچ پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں اور بچیوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کا موقع ملتا ہے۔ والدین اور شرکاء نے بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں اور بچیوں کے لیے ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں