رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد نے پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 کی خلاف ورزیوں اور صارفین کے حقوق متاثر ہونے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن کونسل عماد جتوئی نے صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور ان پر ہونے والی کارروائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) نے مختلف دکانداروں اور کمپنیوں کے خلاف صارفین کی جانب سے دائر کردہ 15 درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے شکایات کا جائزہ لیا اور پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 58 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور کاروباری اداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ خریداری کے وقت دکاندار یا متعلقہ کمپنی سے لازماً رسید حاصل کریں اور اشیاء کی قیمت، معیار، مقدار یا دیگر معاملات میں کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں اپنی شکایت کنزیومر پروٹیکشن کونسل میں درج کروائیں۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر ذمہ دارانہ کاروباری طرزِ عمل کی صورت میں متعلقہ فورم سے رجوع کریں تاکہ صارفین کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
