جلالپور جٹاں (یو جی نیوز — نمائندہ خصوصی مرزا طارق محمود)
معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت اور بیرونِ ملک مقیم بزنس مین ملک محمد رفیق اعوان نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ایک قابلِ تحسین اور مثالی فلاحی مشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ملک محمد رفیق اعوان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے دوستوں کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ان کی زندگی کا بنیادی مقصد ہے۔ ہر جمعۃ المبارک کو دوستوں کے ہمراہ مستحق اور ضرورت مند افراد میں کھانا تقسیم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملک رفیق اعوان نے کہا کہ پوری زندگی مختلف اداروں اور بیرونِ ملک کاروباری و پیشہ ورانہ شعبوں سے وابستہ رہنے کے دوران انہیں وسیع تجربہ حاصل ہوا، تاہم ان کے لیے سب سے زیادہ اطمینان اور خوشی کا باعث دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ انہیں اپنے والدین سے ورثے میں ملا، جنہوں نے ہمیشہ ضرورت مندوں کا ساتھ دینے اور مخلوقِ خدا کی مدد کرنے کی تعلیم دی۔
ملک محمد رفیق اعوان نے مزید کہا کہ وہ فلاحی کاموں کا سلسلہ پوری دنیا میں اپنی استطاعت کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان شاء اللہ زندگی کی آخری سانس تک دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ مشن جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اپنے دوستوں اور احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ان کے فلاحی مشن میں ساتھ دیتے ہیں اور انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں، وہ ان سب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
ملک محمد رفیق اعوان نے عوام اور اپنے تمام دوستوں سے اپیل کی کہ ان کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔
یو جی نیوز — مرزا طارق محمود
جلالپور جٹاں
