وزیرآباد (نامہ نگار) مسلم لیگی اکابرین کا شہری مسائل کے حل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے شہریوں کو درپیش مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا۔ اجلاس میں شہر کی مجموعی صورتحال، واسا کی جانب سے جاری کیے جانے والے بلوں اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سنیئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب مستنصر علی گوندل،ایم ڈی واسا علی حسنین مغل،چیف آفیسر الفت شہزاد،عامر بشیر،میر ماجد علی سالار،عبد الرحمن چوہدری،افتخار احمد بٹ،عامر مشتاق چوہدری،محمد اعجاز بھٹی،خواجہ محمد شعیب،عدنان انور چیمہ،راجہ تنویر اللہ خان،وقار احمد چیمہ،ملک نذیر احمد،محمد عمران سنی کمبوہ،محمد شفیق نمبردار،ارسلان بلوچ،منیر عالم،ذیشان اوپل،چوہدری عثمان چیمہ،ملک علی،نواز مغل،میر ایاز،ذیشان الیاس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔شہریوں کی جانب سے واسا کے بلوں میں مبینہ غلطیوں اور اوور بلنگ سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے گلی کمیٹی والی میں واسا شکایت آفس قائم کر دیا گیا ہے، جہاں شہری اپنے بلوں کی تصحیح اور دیگر متعلقہ شکایات کے حل کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ واسا شکایت آفس شہر کے اندر قائم ہونے سے شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی اور اب انہیں اپنی شکایات کے سلسلے میں شہر سے دور واقع دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ شہری مقامی سطح پر ہی اپنے بلوں کی جانچ پڑتال اور تصحیح کے لیے درخواست دے سکیں گے۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور واسا کے بلوں میں پائی جانے والی غلطیوں کو فوری درست کیا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری پریشانی اور مالی مشکلات سے نجات مل سکے۔ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے شہری مسائل کے حل کے لیے جلد اقدامات کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ اداروں کی توجہ اور مؤثر اقدامات سے شہریوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ واسا شکایت آفس کا شہر کے اندر قیام شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے میں آسانی پیدا ہوگی۔بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ محترمہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صاحبہ نے وزیرآباد شہر کے لیے چار ارب روپے سے زیادہ کی گرانٹ دی ہے۔اس میٹنگ کا اور آج کی میٹنگ کا مقصد یہی تھا کہ یہ جو پیسے ہیں، یہ بڑے احسن طریقے سے، ایمانداری اور دیانتداری سے وزیرآباد کی فلاح و بہبود، وزیرآباد کی بہتری اور لوگوں کی زندگیاں بہتر اور آسان بنانے کے لیے خرچ ہوں۔وزیرآباد شہر کے لیے سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت، واسا کسٹمر سنٹر میں خطاب کرتے ہوئے مقرر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صاحبہ کی جانب سے وزیرآباد شہر کے لیے سیوریج کا ایک بڑا منصوبہ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پورے وزیرآباد شہر میں سیوریج کا جدید نظام آئے گا۔ جو ہر چند سال بعد سیوریج کے مسائل بنتے ہیں، اس جدید اور پائیدار نظام کے بعد وہ مسائل نہیں بنیں گے۔ یہ نظام 40 سے 50 سال تک چلے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر دوستوں نے اپنے علاقوں، وارڈز اور یونین کونسلز کے جو مسائل کی نشاندہی کی ہے، ان کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ گلی محلوں کی سطح تک تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔
