جہلم (بلال رضا): ضلع جہلم میں صفائی ستھرائی کے فروغ اور عوامی مقامات پر کچرا پھیلانے کی روک تھام کے لیے منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ آگاہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی شعور اجاگر کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شہریوں کو صفائی کی اہمیت، کچرے کو مقررہ مقامات پر ڈالنے اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ذریعے مؤثر آگاہی مہم چلانے، مثبت پیغامات عام کرنے اور شہریوں کی عملی شرکت بڑھانے سے متعلق تجاویز زیرِ غور آئیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر علیزہ ریحان نے کہا کہ صفائی برقرار رکھنا ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے درخواست کی کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے کچرا نہ پھیلانے، شہری ذمہ داریوں اور صاف ستھرے ماحول کی اہمیت اجاگر کریں تاکہ جہلم کی خوبصورتی برقرار رہے۔
