رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے شہر کی خوبصورتی میں اضافے، عوام کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی اور تجارتی مراکز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جاری اور مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوشہرہ مائنر چھلاں والا تا عباسیہ پل اپ گریڈیشن منصوبہ، ماڈل بازار، شاہی روڈ، سٹی سنٹر گرین بیلٹس، مریم نواز سپورٹس ایرینا اور سپورٹس جمنازیم کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری اقدامات اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رانا محمود علی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے نوشہرہ مائنر چھلاں والا تا عباسیہ پل اپ گریڈیشن منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں معیاری انداز سے مکمل کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ شہری خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ عوام کو صحت مندانہ تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں گرین بیلٹس، واکنگ ٹریک، بچوں کے لیے پلے ایریا اور دیگر تفریحی و صحت مندانہ سرگرمیوں سے متعلق سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور پائیداری کو خصوصی اہمیت دی جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں سے طویل المدت بنیادوں پر فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور منصوبے کے مختلف مراحل کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔
شاہی روڈ کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی اس اہم شاہراہ اور کاروباری مرکز کو ماڈل روڈ بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تاجر برادری کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہی روڈ کی دکانوں کے تشہیری بورڈز کو سٹی سنٹر کی طرز پر یکساں بنایا جائے اور عمارتوں کی ظاہری حالت بہتر بنانے کے لیے مناسب رنگ و روغن کیا جائے تاکہ شاہی روڈ کو دیدہ زیب، منظم اور خوبصورت تجارتی مرکز میں تبدیل کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے سٹی سنٹر چوک اور دیگر گرین بیلٹس کا دورہ کرتے ہوئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش، شجرکاری اور پودوں کی دیکھ بھال کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے مختلف مقامات پر گرین بیلٹس کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے ساتھ شجرکاری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور پودوں کی مناسب نگہداشت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ پودوں کی افزائش اور شجرکاری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید نرسریاں قائم کی جائیں تاکہ ادارہ اپنی ضروریات کے لیے خود پودوں کی پنیری تیار کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر نرسریوں کے قیام سے ادارے کو خود انحصاری کی جانب گامزن کرنے اور شہر کے مختلف علاقوں میں شجرکاری و تزئین و آرائش کے اقدامات کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس جمنازیم کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات، انتظامی امور اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے فراہم کردہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جمنازیم میں سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ نوجوانوں اور شہریوں کو کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے۔
