رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ/ہیڈ کوارٹر) چوہدری اعتزاز انجم نے بطور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ستھرا پنجاب ایجنسی رحیم یار خان اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس سلسلے میں ان کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کے کنٹریکٹرز اور تحصیل منیجرز ستھرا پنجاب ایجنسی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران نے اپنی اپنی تحصیلوں میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے تحت جاری صفائی آپریشنز، دستیاب افرادی قوت، مشینری، ویسٹ کلیکشن پوائنٹس، ڈمپنگ سائٹس اور دیگر انتظامی و آپریشنل امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری اعتزاز انجم نے کہا کہ صوبے کو صاف ستھرا بنانے اور شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی اقدامات میں ستھرا پنجاب پروگرام کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا، کوڑا کرکٹ کی بروقت کلیکشن اور مناسب تلفی کو یقینی بنانا اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے امور میں دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے، افرادی قوت اور مشینری کو ضرورت کے مطابق بروئے کار لایا جائے اور کوڑا کرکٹ کی بروقت کلیکشن و منتقلی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے انتظامات میں بہتری، آپریشنل امور کی مؤثر نگرانی اور متعلقہ عملے کی ذمہ داریوں کا تعین وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چوہدری اعتزاز انجم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے مقاصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز باہمی تعاون، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں تاکہضلع کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے ساتھ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
