رحیم یارخان
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اعتزاز انجم نے رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر میاں محمد عامر شہباز اور سینئر نائب صدر محمد وقاص سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر چیمبر میاں محمد عامر شہباز نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو چیمبر کی جانب سے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ رحیم یار خان چیمبر تاجر برادری کو سرکاری محکموں سے متعلقہ امور میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مختلف سرکاری محکموں کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے سے تاجروں کے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
سینئر نائب صدر محمد وقاص نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمبر میں مختلف سرکاری محکموں کے ہیلپ ڈیسک کے قیام سے کاروباری حضرات کو متعلقہ خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی اور انہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو کاروباری برادری کے لیے اہم قرار دیا۔
ملاقات کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعتزاز انجم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن تمام سہولیات ایک چھت تلے کے تحت کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی اور سرکاری امور کو آسان بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ای بز (e-Biz) کے طرز پر جلد ہی رحیم یار خان چیمبر میں ای۔ رجسٹری اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے، جس سے چیمبر کے ممبران اور تاجر برادری مستفید ہو سکیں گے۔
صدر چیمبر میاں محمد عامر شہباز اور سینئر نائب صدر محمد وقاص نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان سہولیات کے قیام سے کاروباری برادری کو ریلیف ملے گا اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔اس موقع پر محمد عثمان اظہر سیکرٹری جنرل،عظمیٰ صادق اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل و دیگر افسران بھی موجود تھے۔
