ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت بے نظیر نشوونما پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت بے نظیر نشوونما پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی صوبائی سربراہ ڈاکٹر عمارہ خان نے ڈپٹی کمشنر کو پروگرام کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار اور مجوزہ اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایاکہ بے نظیر نشوونما پروگرام کا بنیادی مقصد حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں میں غذائی قلت کا خاتمہ، ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ اور دورانِ زچگی صحت کے مسائل کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ضلع رحیم یار خان کی چاروں تحصیلوں کے آٹھ سرکاری ہسپتالوں میں متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ان ہسپتالوں میں ٹی ایچ کیو ہسپتال خانپور، آر ایچ سی ظاہر پیر، ٹی ایچ کیو ہسپتال لیاقت پور، آر ایچ سی خانبیلہ، آر ایچ سی میانوالی قریشیاں، آر ایچ سی ترنڈہ سوائے خان، ٹی ایچ کیو ہسپتال صادق آباد اور آر ایچ سی جمال دین والی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ اور بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے مختلف فلاحی پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر نشوونما پروگرام کے ثمرات مستحق خواتین اور بچوں تک پہنچانے کے لیے مستند ڈیٹا کی تیاری اور جامع علاقائی سروے ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی ٹیم زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیٹا مرتب کرے تاکہ غذائی قلت سے متاثرہ اور مستحق خواتین کی درست نشاندہی ممکن ہو اور زیادہ سے زیادہ افراد اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں