رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر و ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ظہیر انور جپہ نے ایدھی پارک اور فیملی و چلڈرن پارک نرسری گراؤنڈ کا دورہ کیا، جہاں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رانا محمود علی نے انہیں پی ایچ اے کی جانب سے پارکس، گرین بیلٹس اور شہر کے مختلف مقامات پر جاری شجرکاری کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ایدھی پارک کے طویل عرصے سے بند فوارے کو فوری طور پر فعال کرنے، پارک میں مزید پودے لگانے، گھاس کی مناسب دیکھ بھال اور درختوں کی تراش خراش یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فیملی و چلڈرن پارک نرسری گراؤنڈ کو اپ گریڈ کرنے اور وہاں خوبصورت و دیدہ زیب پودے لگانے کے احکامات بھی جاری کیے۔انہوں نے پی ایچ اے حکام کو صادق کینال کے اطراف خوبصورتی میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کرنے اور دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، سرسبز ماحول کے فروغ اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے پارکس اور گرین بیلٹس کی مؤثر دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔
