رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمود احمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کے حوالے سے عوامی نمائندگان کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں میاں عامر شہباز، چوہدری محمد عمر جعفر سمیت دیگر عوامی نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے بتایا کہ ضلع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام سمیت مختلف شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے 215 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے کچہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 72 میں سے 68 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ شوگر سیس کے تحت 71 منصوبوں میں سے 34 پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف سوالات اور تجاویز کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکس، گراؤنڈز اور گرین بیلٹس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گرین الیکٹرک بسوں کے لیے شہر میں ویٹنگ ایریاز فیز ٹو میں قائم کیے جائیں گے، جبکہ مریم نواز سپورٹس ایرینا میں ٹرانس جینڈر افراد کے لیے بھی مخصوص اوقات کار مقرر کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کا بجٹ منظور ہو چکا ہے، جس کے بعد شہری خوبصورتی اور گرین بیلٹس کی بہتری کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے گا۔ایم ایل سی (میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ) کے نظام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے شیخ زید ہسپتال انتظامیہ کو کہا کہ متعلقہ نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ایم ایل سی متعلقہ تھانے یا تحصیل ہسپتال تک بروقت پہنچ سکے اور شہریوں کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پل ممدانی سے بھونگ اور ماچھکہ تک منچن بند کے اوپر دو سڑکوں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ ان شاہراہوں کی تکمیل سے کچہ کے علاقوں تک رسائی بہتر ہوگی اور مقامی آبادی کو آمدورفت کی سہولیات میسر آئیں گی۔
رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمود احمد نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نصب بجلی کے پولز کو فوری طور پر تعلیمی اداروں کی حدود سے باہر منتقل کیا جائے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اتھارٹی کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کے تناظر میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے شیخ زید ہسپتال میں دیگر تحصیلوں سے آنے والے مریضوں کے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے اجرا میں تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اس مسئلے پر خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ غیر ضروری تاخیر سے امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ متعلقہ عوامی نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور باہمی مشاورت سے عوامی مسائل حل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع کی بہتری اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میاں عامر شہباز نے چوک بہادر پور سے چک نمبر 72 تک اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی تجویز پیش کی، جبکہ چوہدری محمد عمر جعفر نے شہر کے پارکس کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے اور گرین الیکٹرک بسوں کے لیے مناسب ویٹنگ ایریاز قائم کرنے پر توجہ دلائی۔ انہوں نے مریم نواز سپورٹس ایرینا کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
اجلاس میں ضلع کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور عوامی ضروریات کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری خوبصورتی میں اضافے، محفوظ تعلیمی ماحول اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
