رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ابرار چیمہ، سیکرٹری بورڈ رفاقت علی سمیت بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سامنے پیش کیے گئے مجموعی طور پر 21 کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے مختلف کیسز کا انفرادی طور پر جائزہ لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کے حوالے سے فیصلے کیے۔اجلاس میں 13 کیسز میں پراسیکیوشن، 4 کیسز میں وارننگ جاری کرنے، 2 کیسز میں دوبارہ تحقیقات، 1 کیس میں ایف آئی آر کے اندراج اور 1 کیس کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں تاکہ صحت عامہ کے تحفظ اور طبی شعبے میں قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
