رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پروگرام ”اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم“ کے تحت سرکاری زمین حاصل کرنے والے الاٹیز کو زمین آباد کرنے اور زرعی سرگرمیوں کے آغاز میں معاونت فراہم کرنے کے لیے مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ایم پی اے چوہدری محمود احمد، مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں میاں عامر شہباز، چوہدری محمود الحسن چیمہ اور دیگر معززین کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب کے دوران 25 الاٹیز میں فی کس 50 ہزار روپے کے پے آرڈرز تقسیم کیے۔تقریب میں متعلقہ محکموں کے افسران، عوامی نمائندوں اور اسکیم سے مستفید ہونے والے الاٹیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر مسعود سلیم نے شرکاء کو اسکیم کے تحت ہونے والی پیش رفت، سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ اور مستحق افراد کی تصدیق کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پروگرام ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ مستحق افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، زرعی شعبے کو مستحکم بنانے اور دیہی معیشت کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے سرکاری زمین حاصل کرنے والے افراد کو اپنی زمین آباد کرنے اور باعزت روزگار کے حصول کے لیے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں اور کسانوں کی فلاح و بہبود، زرعی پیداوار میں اضافے اور عوام کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ زمین کی مؤثر آبادکاری نہ صرف مستفید ہونے والے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
ایم پی اے چوہدری محمود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود اور کسانوں کی معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ اسکیم ایسے افراد کے لیے ایک اہم موقع ہے جو اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے زرعی شعبے میں روزگار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور زراعت کی ترقی کے بغیر پائیدار معاشی استحکام کا حصول ممکن نہیں۔ کاشتکاروں کو زمین، وسائل اور مالی معاونت کی فراہمی سے زرعی شعبے میں نئی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مستفید ہونے والے خاندانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔
میاں عامر شہباز، چوہدری محمود الحسن چیمہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں اور مستحق افراد کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے شروع کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ اسکیم کے تحت سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ اور ابتدائی مالی معاونت کی فراہمی سے مستفید ہونے والے افراد کو اپنی زمینیں آباد کرنے میں مدد ملے گی۔ اس طرح نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ زرعی شعبے کی ترقی اور دیہی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔
ڈاکٹر مسعود سلیم نے بتایا کہ ضلع بھر میں اسکیم کے تحت الاٹ کردہ 96 زمینوں کی ویری فکیشن کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں مستحق الاٹیز کو زمین آباد کرنے اور زرعی سرگرمیوں کے آغاز میں معاونت فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فی کس 50 ہزار روپے کی امدادی رقم فراہم کی جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد الاٹیز کو اپنی زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے ابتدائی مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات پر مؤثر عمل درآمد، مستحق افراد کی معاونت اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
