پولیس کے زیرِ اہتمام ”رینجرز انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن” میں خواتین کی ہراسانی اور کم سن بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں ایک خصوصاً آگاہی سیمینار کا انعقاد

Spread the love

رحیم یارخان
(میاں طالب حسین)
پولیس کے زیرِ اہتمام ”رینجرز انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن” میں خواتین کی ہراسانی اور کم سن بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں ایک خصوصاً آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈی ایس پی سٹی راؤ دلشاد، انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل ویرون انتھونی، انچارج میثاق سینٹر سب انسپکٹر محسن طارق اور انچارج وومن ہراسمنٹ سیل لیڈی سب انسپکٹر سمیرا رفیق سمیت دیگر افسران، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شرکاء کو ہراسانی کے واقعات اور بچوں کے ساتھ ہونے والے ناخوشگوار جرائم کے تدارک کے حوالے سے قانونی حقوق اور تحفظاتی اقدامات سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ افسران نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی یا جرم کا شکار ہونے والی خواتین اور بچوں کے لواحقین کو خاموشی اختیار کرنے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینی چاہیے۔ خاموشی ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے، جبکہ بروقت رپورٹ کرنے سے پولیس کے لیے ملزمان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی ممکن ہوتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کے تحفظ اور ان کے قانونی استحقاق کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے بدقماش اور مجرمانہ ذہنیت کے حامل عناصر کو ان کے کیفر کردار تک پہنچانے اور عدالتوں سے سخت سزائیں دلوانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر ادارہ کے پرنسپل ویرون انتھونی اور شرکاء نے رحیم یار خان پولیس کی اس آگاہی کاوش کو سراہا اور اسے معاشرے کو محفوظ بنانے کی سمت ایک بہترین قدم قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں