رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے گندم کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے گذشتہ شب اقبال آباد، ظاہر پیر انٹرچینج اور چاچڑاں شریف چیک پوسٹ کا سرپرائز وزٹ کیا۔انہوں نے مختلف چیک پوسٹس پر گندم کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گندم جیسی اہم زرعی جنس کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے چیک پوسٹس پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ گندم کی نقل و حمل کرنے والی گاڑیوں کی مؤثر جانچ پڑتال کی جائے اور مقررہ ضابطہ کار کے مطابق ضروری دستاویزات کی تصدیق کو یقینی بنایا جائے۔ مشکوک نقل و حرکت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ گندم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ چیک پوسٹس پر ڈیوٹی کے فرائض پوری ذمہ داری، مستعدی اور شفافیت کے ساتھ سرانجام دیے جائیں۔ فرائض میں غفلت، لاپروائی یا حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ افسران چیک پوسٹس کی باقاعدہ نگرانی کریں اور گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
