
رحیم یار خان
(میاں طالب حسین،
ڈویژنل بیوروچیف)
ضلع رحیم یار خان میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک پولیس متحرک ہو گئی۔ ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے اپنے عزم اور بہترین حکمت عملی سے ضلع بھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈویژنل بیوروچیف میاں طالب حسین سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے کہا:
> “ہر شہری کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا اور انہیں بہترین گائیڈ لائن فراہم کرنا میرا اولین فرض ہے۔ میں صرف دفتر کی کرسی پر بیٹھنے نہیں آیا، بلکہ میرا مقصد ضلع بھر کے تمام پوائنٹس کا خود دورہ کرنا اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروانا ہے۔
خود فیلڈ میں موجودگی اور جونیئر افسران کی نگرانی
ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے بتایا کہ وہ خود شہر اور ضلع کے مختلف چوکوں اور پوائنٹس کا دورہ کرتے ہیں تاکہ جونیئر ڈیوٹی افسران کی کارکردگی کا جائز لے سکیں۔ وہ ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ اپنے جونیئر افسران کے ساتھ اہم میٹنگز بھی منعقد کرتے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی اور ڈسپلن کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود شاہراہوں پر نکل کر کمسن ڈرائیورز اور شہریوں کو روک کر ٹریفک قوانین اور جیونائل پرمٹ کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔
لائسنس اور ہیلمٹ کے استعمال پر سخت تاکید
ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے تمام گاڑی اور موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی کہ جن لوگوں نے ابھی تک اپنا ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنوایا، وہ بلا تاخیر اپنا لائسنس بنوا کر ذمہ دار اور بااعتماد شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دورانِ سفر ہیلمٹ کا استعمال کسی بھی ناگہانی حادثے کے دوران قیمتی انسانی جان کو محفوظ رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
والدین سے درد مندانہ اپیل: “آپ کے بچوں کی زندگی انتہائی قیمتی ہے”
ڈی ایس پی ٹریفک نے ضلع رحیم یار خان کے تمام والدین اور سرپرستوں سے خاص اپیل کرتے ہوئے کہا:
> “خدارا! اپنے بچوں اور خود اپنے ڈرائیونگ لائسنس اور جیونائل پرمٹ لازمی بنوائیں۔ آئے دن سڑکوں پر ہونے والے دردناک حادثات کی بڑی وجہ بغیر مہارت اور بغیر لائسنس کے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چلانا ہے۔ ان حادثات کے باعث کئی مائیں اپنے جگر گوشوں سے محروم ہو چکی ہیں۔”
ٹریفک پولیس کا شہریوں کو دعوتِ عمل
گفتگو کے اختتام پر ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے ضلع رحیم یار خان کے تمام شہریوں اور والدین سے زور دے کر کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ ٹریفک پولیس آفس تشریف لائیں، پہلے اپنا لرننگ لائسنس (Learning License) بنوائیں اور 42 سے 45 دن کی مقررہ مدت کے بعد اپنا پکا کار و موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی پاسداری ہی سے ہم اپنے ضلع کو حادثات سے پاک اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔
