یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام یکجہتی ریلی کا انعقاد

Spread the love


جہلم (بلال رضا): یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے کی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس جہلم سے شروع ہو کر وائی کراس تک نکالی گئی۔ اس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے اس موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خاتمہ عالمی برادری کی توجہ کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر عالمی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے منعقدہ اس ریلی کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا پیغام دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں