رحیم یارخان /بہاولپور
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف
بہاولپور: آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تھانوں کے انتظامی امور، ریکارڈ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر (RPO) بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کی فارمل انسپکشن کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او سرکل لیاقت پور فیا ض احمد خان بھی موجود تھے۔
انسپکشن کے دوران آر پی او بہاولپور نے تھانے کے انتظامی امور، صفائی ستھرائی، عمارت کی حالت، فرنٹ ڈیسک، پولیس اسٹیشن کے آن لائن و مینوئل ریکارڈ، روزنامچہ، مقدمات کے اندراج، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت اور دیگر سرکاری ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر مال خانہ اور اسلحہ خانہ کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں سرکاری اسلحہ، ایمونیشن، مالِ مقدمات اور دیگر محفوظ شدہ سامان کے ریکارڈ اور متعلقہ رجسٹرز کا جائزہ لیا گیا۔ حوالات، تھانے میں موجود نفری کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور سکیورٹی انتظامات بھی چیک کیے گئے۔
آر پی او بہاولپور نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تھانے کا تمام ریکارڈ بروقت اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جائے، زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔w انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تھانے میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
آر پی او بہاولپور نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اسٹیشن میں نظم و ضبط، شفافیت، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور عوامی خدمت کے معیار کو برقرار رکھا جائے، جبکہ سرکاری اسلحہ، مالِ مقدمات اور دیگر سرکاری املاک کی حفاظت کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا۔شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کیے۔
