رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس کی بروقت کارروائی، گمشدہ ذہنی معذور بچہ ورثاء کے سپردتھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے بچھڑوں کو اپنوں سے ملانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے گمشدہ ذہنی معذور بچے کو محفوظ تحویل میں لے کر کامیابی سے ورثاء کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سٹی راؤ دلشاد کی نگرانی اور ایس ایچ او مزمل اسحاق کی ہدایت پر پولیس ٹیم گشت و چھان بین پر مامور تھی۔ اسی دوران کوٹلہ موہانہ کا رہائشی ذہنی معذور بچہ وارث علی ولد صدیق احمد راستہ بھٹک کر رحیم یار خان شہر پہنچ گیا۔ تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے بچے کو فوری طور پر اپنی محفوظ تحویل میں لیا اور ورثاء کی تلاش کے لیے تمام تر دستیاب وسائل اور رابطے بروئے کار لائے۔ لواحقین سے رابطہ قائم ہونے پر ڈیوٹی آفیسر عامر سندھو نے ضروری قانونی و ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو اس کے چچا وزیر اور دیگر رشتہ داروں کے سپرد کر دیا۔بچے کو بخیریت واپس پا کر لواحقین نے بے حد خوشی کا اظہار کیا، جبکہ عوامی و شہری حلقوں نے اے ڈویژن پولیس ٹیم کی اس کارکردگی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
