آئی جی پنجاب کی ہدایات پر تھانوں کی انسپکشن کا سلسلہ جاری، آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی تھانہ چنی گوٹھ کی فارمل انسپکشن

Spread the love

رحیم یارخان /بہاولپور
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف
بہاولپور آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تھانوں کے انتظامی امور، ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے تھانہ چنی گوٹھ کی فارمل انسپکشن کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ محمد جاوید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
انسپکشن کے دوران آر پی او بہاولپور نے تھانے کے انتظامی امور، صفائی ستھرائی، عمارت کی حالت، فرنٹ ڈیسک، آن لائن و مینوئل ریکارڈ، روزنامچہ، مقدمات کے اندراج، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت اور دیگر سرکاری ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے مال خانہ اور اسلحہ خانہ کا معائنہ کرتے ہوئے سرکاری اسلحہ، ایمونیشن، مالِ مقدمات اور دیگر محفوظ شدہ سامان کے ریکارڈ اور متعلقہ رجسٹرز کی جانچ پڑتال بھی کی۔ اس کے علاوہ حوالات، نفری کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور تھانے کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
آر پی او بہاولپور نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تھانے کا تمام ریکارڈ بروقت اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جائے، زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تھانے میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آیا جائے اور انہیں انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن میں نظم و ضبط، شفافیت، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور عوامی خدمت کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔ سرکاری اسلحہ، مالِ مقدمات اور دیگر سرکاری املاک کی حفاظت کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے تھانہ چنی گوٹھ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل اور شکایات سنی گئیں اور ان کے حل کے لیے موقع پر متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں