

جہلم (بلال رضا): جہلم کے نواحی گاؤں کنتریلی میں 9ویں عائشہ عالم فری آئی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے متعدد مستحق افراد اور مرد و خواتین نے آنکھوں کے مفت معائنے، ٹیسٹوں اور آپریشن کی سہولیات حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق فلاحی کیمپ کا انعقاد رہائش گاہ بابا عالم دین، گاؤں کنتریلی کے مقام پر ہوا، جہاں معروف ماہرِ چشم ڈاکٹر سید زوہیب الحسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آنکھوں کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا تفصیلی اور مفت معائنہ کیا۔ کیمپ کے دوران آمدہ مریضوں کے لیے فری لیبارٹری ٹیسٹ، مفت ادویات اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت فری فیکو سرجری بمعہ امپورٹڈ لینز کی تمام تر سہولیات بالکل مفت فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر مقامی معزز اور بزنس کمیونٹی کے رہنما راشد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں اس نوعیت کے فری آئی کیمپس کا انعقاد غریب اور مستحق شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر سید زوہیب الحسن اور کیمپ انتظامیہ کی انسانی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقامی شہریوں اور علاج معالجے کے لیے آئے مریضوں نے بھی منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس فلاحی اقدام کو بے حد سراہا۔
