ڈاکٹر ارشد جنجوعہ نے فیلڈ ہسپتال کی سربراہی کی ذمہ داری قبول کر لی
پریس ریلیز؛ انفارمیشن سیکرٹری تنویر نوشاہی، پمز ویٹرنز ویلفیئر فورم
پمز ویٹرنز ویلفیئر فورم کی ایگزیکٹو کونسل کا ایک اہم اجلاس بروز اتوار، یکم نومبر، صبح ساڑھے دس بجے صادق نذیر میموریل ٹرسٹ کے دفتر میں منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز حمد و ثنائے باری تعالیٰ سے ہوا۔ اس موقع پر فورم کے تمام اراکین نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم صاحب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون اور فراخ دلانہ عطیے سے موبائل فیلڈ ہسپتال کی سہولت میسر آئی۔ اراکین نے اس عطیے کو عوام الناس کی خدمت اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے ایک قابلِ قدر قدم قرار دیا۔
اجلاس کا بنیادی ایجنڈا موبائل فیلڈ ہسپتال کے اغراض و مقاصد، عملی طریقۂ کار اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر غور کرنا تھا۔ تمام اراکین نے اپنی قیمتی آراء پیش کیں اور اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ سہولت راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح کے پسماندہ علاقوں، کچی آبادیوں، یتیم خانوں، مدارس، اسکولوں اور دیگر ضرورت مند آبادیوں تک بنیادی طبی سہولیات پہنچانے کا ذریعہ بنے گی۔
اجلاس میں ڈاکٹر ارشد جنجوعہ صاحب کی وسیع طبی و انتظامی خدمات، بالخصوص ایمرجنسی، ٹراماٹولوجی اور آئیز ڈیپارٹمنٹ کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے ان سے درخواست کی گئی کہ وہ موبائل فیلڈ ہسپتال کے طبی امور کے سربراہ کی حیثیت سے اس اہم ذمہ داری کو قبول فرمائیں۔ ڈاکٹر ارشد جنجوعہ صاحب نے اس خدمتِ خلق کے منصوبے کو اپنے اور اپنے رفقاء کے لیے صدقۂ جاریہ سمجھتے ہوئے یہ ذمہ داری قبول کر لی۔ اس فیصلے کا تمام اراکین نے خیرمقدم کیا اور اپنی مکمل حمایت و تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس میں موبائل فیلڈ ہسپتال کے روزمرہ اخراجات، گاڑی کی مرمت و دیکھ بھال، ایندھن اور دیگر انتظامی ضروریات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اراکین نے اپنی طرف سے ابتدائی طبی کیمپ کے انعقاد کے لیے اجتماعی طور پر عطیات بھی پیش کیے، تاکہ اس فلاحی منصوبے کا عملی آغاز کیا جا سکے۔
تمام مخیر حضرات، بالخصوص ڈاکٹر صاحبان اور طبی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ اس کارِ خیر میں حسبِ استطاعت حصہ ڈالیں۔ تجویز پیش کی گئی کہ اہلِ خیر ایک ہزار سے پانچ ہزار روپے یا اپنی توفیق کے مطابق رقم ماہانہ یا سالانہ عطیے کی صورت میں فراہم کر سکتے ہیں۔ انفرادی تعاون کے ساتھ اجتماعی سرپرستی بھی اس منصوبے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ موبائل فیلڈ ہسپتال کو محض ایک گاڑی یا طبی سہولت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ایک مستقل ذریعہ بنایا جائے گا، جہاں ضرورت مند افراد کو بروقت طبی رہنمائی اور بنیادی علاج کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
فورم کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم صاحب کا ایک بار پھر دلی شکریہ ادا کیا گیا، جن کے عطیے نے خدمتِ انسانیت کے اس نیک سفر کی بنیاد رکھی۔ تمام اراکین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے، اس میں خیر و برکت عطا کرے اور اسے زیادہ سے زیادہ دکھی انسانیت کے لیے نفع بخش بنائے۔ آمین۔
