سنگین جرائم کی تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے آر پی او آفس بہاولپور میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم، آر پی او خود نگرانی کریں گے

Spread the love

رحیم یارخان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
بہاولپور: ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے، تفتیشی عمل کی مؤثر نگرانی اور خامیوں کی بروقت نشاندہی کے لیے آر پی او آفس میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے۔
خصوصی سیل روزانہ کی بنیاد پراضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے تھانہ جات میں درج سنگین جرائم کے مقدمات کی مثلیں متعلقہ تفتیشی افسران سمیت طلب کرے گا۔ مقدمات کی مثلوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ تفتیشی خامیوں، قانونی تقاضوں اور شواہد کی جانچ کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس خصوصی سیل میں ایس ایس پی/آر آئی بی کلیدی کردار ادا کریں گے جبکہ سیل کی براہِ راست نگرانی آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین خود کریں گے۔
آر پی او بہاولپور کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم کی تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفتیشی افسران کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی، شواہد کی درست جانچ اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے ذریعے تفتیش کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں