کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے تحصیل لیاقت پور کا تفصیلی دورہ

Spread the love

رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے تحصیل لیاقت پور کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف سرکاری اداروں، عوامی سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ ڈویژنل کمشنر نے پیرا فورس کی زیر تعمیر عمارت، اراضی ریکارڈ سنٹر، ٹی ایچ کیو ہسپتال لیاقت پور، مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب ایجنسی کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ سمیت ضلعی و تحصیل افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے اراضی ریکارڈ سنٹر لیاقت پور کے دورے کے دوران شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر، بروقت اور شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری دفاتر میں غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے جبکہ تمام امور میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیے جائیں۔انہوں نے پیرا فورس کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ ادارے کو جلد فعال بنیادوں پر کام کرنے کے لیے ضروری سہولیات میسر آ سکیں۔
ڈویژنل کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ٹی ایچ کیو ہسپتال لیاقت پور کا دورہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال لیاقت پور کی سرزنش کرتے ہوئے انتظامی امور اور صفائی کے نظام کو فوری بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا بھی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈویژنل کمشنر نے مثالی گاؤں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی میں بہتری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے تحت مختلف دیہات میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی پر یکساں توجہ مرکوز رکھی جائے۔ صفائی کے عمل کو محض رسمی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے مستقل بنیادوں پر مؤثر بنایا جائے، فیلڈ عملے کی حاضری اور کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مختلف مقامات پر قائم واٹر فلٹریشن پلانٹس کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام پلانٹس ہمہ وقت فعال رکھے جائیں، فلٹرز کی تبدیلی مقررہ ایس او پیز اور شیڈول کے مطابق یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔
بعد ازاں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے پیرا فورس اور ستھرا پنجاب ایجنسی کے فیلڈ افسران و اہلکاروں کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں فیلڈ آپریشنز، عوامی شکایات کے ازالے، عملے کی کارکردگی اور عوامی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے پیرا فورس کے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور قانون و ضابطے کی عملداری یقینی بنانا ہے۔ افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی اپنے رویے میں شائستگی، تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، غیر ضروری سخت رویہ یا کسی بھی قسم کا غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احساسِ ذمہ داری، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ادا کریں۔ فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ عوامی مسائل کے فوری حل کو ترجیح دی جائے تاکہ حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج عام شہریوں تک پہنچ سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کمشنر بہاولپور ڈویژن کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات کی بہتری، ستھرا پنجاب پروگرام، پیرا فورس کی سرگرمیوں اور مختلف محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں