رحیم یارخان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف )
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان کی انتخابی سیاست میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آگئی، مختلف وکلاء گروپس کی ڈیموکریٹک لائرز موومنٹ و دیگر الائنس میں شمولیت اور حمایت کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ سولیسٹر گروپ کے چیئرمین سردار شہزاد خان رند ایڈوکیٹ ہائیکورٹ نے اپنے درجنوں وکلاء ساتھیوں کے ہمراہ ڈیموکریٹک لائرز موومنٹ و دیگر الائنس کے متفقہ امیدوار برائے صدر سردار سلیم خان کورائی ایڈوکیٹ ہائیکورٹ اور امیدوار برائے جنرل سیکرٹری چوہدری کاشف سندھو ایڈوکیٹ ہائیکورٹ کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا۔اس موقع پر گروپ لیڈر و ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری اختر محمود چہور ایڈوکیٹ ہائیکورٹ، چیئرمین ڈیموکریٹک لائرز موومنٹ و دیگر الائنس سردار حسن نواز خان نیازی ایڈوکیٹ ہائیکورٹ، چیئرمین فرینڈز گروپ و سابق صدر حسان مصطفیٰ ایڈوکیٹ ہائیکورٹ، گروپ لیڈر و سابق صدر چوہدری منظور احمد وڑائچ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار رئیس غلام مصطفیٰ سہیل چاچڑ ایڈوکیٹ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار سلیم اللہ خان جتوئی، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار جام عبدالمجید لاڑ ایڈوکیٹ ہائیکورٹ، سابق جنرل سیکرٹریز ڈسٹرکٹ بار رئیس نیاز احمد چاچڑ، مرزا امین خان، نوید احمد باجوہ، ملک اعجاز بوہڑ اور چیئرمین لائرز ویلفیئر کونسل رانا نوید احمد ایڈوکیٹ ہائیکورٹ سمیت دیگر وکلاء گروپس کے سربراہان اور سینئر وکلاء نے سولیسٹر گروپ کے چیئرمین اور ان کے ساتھیوں کا ڈھول کی تھاپ، پھولوں کے ہار پہنا کر پرتپاک استقبال کیا اور ان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر امیدواران اور گروپ لیڈران نے سردار شہزاد خان رند اور ان کے ساتھیوں کی حمایت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کے اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ جدوجہد سے بار کو ایک مضبوط، باوقار اور فعال پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے وقار، عزت اور بار کے مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ نوجوان وکلاء کو درپیش مسائل کا حل، خواتین وکلاء کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی اور وکلاء برادری کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔ڈسٹرکٹ بار کے انتخابی ماحول میں مختلف گروپس کی شمولیت اور حمایت کے اعلانات نے انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کردیا ہے، جبکہ ڈیموکریٹک لائرز موومنٹ و دیگر الائنس کے امیدواران اور رہنما وکلاء برادری کے اتحاد اور بار کی بہتری کے مشترکہ منشور کے ساتھ اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
