36 سال تک پمز میں خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ ملازم کو اپنی بہو کے علاج کے لیے ساڑھے چار گھنٹے انتظار کرنا پڑا

Spread the love

پمز ہسپتال اسلام آباد: نئی انتظامیہ کے باوجود حالات دگرگوں، سانحۂ نرسری سے کوئی سبق حاصل نہ کیا جا سکا؟

ایم سی ایچ سینٹر میں مریضوں کے ساتھ ناروا اور سخت رویے کی شکایت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی):

پمز ہسپتال اسلام آباد میں نومولود بچوں کی اموات کے المناک سانحے کے بعد بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں، ملازمین کی معطلیاں اور ادارے کی بہتری کے اعلانات کیے گئے، تاہم حالیہ واقعے نے ایک مرتبہ پھر ہسپتال کے نظامِ علاج اور مریضوں کے ساتھ عملے کے رویے کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

پمز کے ریٹائرڈ وارڈ ماسٹر ملک تنویر اختر نوشاہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات 3 نومبر 2026ء کو وہ اپنی بہو کو علاج کے لیے پمز کے میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ (MCH) سینٹر لے کر گئے، جہاں تقریباً چھ ماہ قبل ان کی بہو کے ہاں بچی کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔ ان کے مطابق گزشتہ روز گھر میں کام کے دوران ان کی بہو گر گئی، جس کے نتیجے میں سابقہ آپریشن کے ٹانکے کھل گئے اور خون بہنے لگا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹی پہلے ہی مریضہ کو ایم سی ایچ سینٹر لے جا چکی تھیں، جبکہ وہ خود بھی شام تقریباً ساڑھے سات بجے وہاں پہنچ گئے۔ ان کے بقول کافی دیر انتظار کے بعد جب ایک ڈاکٹر تشریف لائیں تو انہوں نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ پمز میں مجموعی طور پر 36 سال خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں سے 20 سال گائنی وارڈ میں بھی کام کیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر سے درخواست کی کہ ان کی بہو کی بلیڈنگ ہو رہی ہے، اس لیے فوری طور پر ٹانکے لگانے کا انتظام کیا جائے۔

ملک تنویر اختر نوشاہی کے مطابق انہیں متعلقہ ڈاکٹر کی جانب سے نہایت سخت اور نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے اپنی نیم پلیٹ نہیں لگا رکھی تھی، جس کی وجہ سے وہ ان کا نام معلوم نہ کر سکے۔ ان کے مطابق مذکورہ ڈاکٹر ڈاکٹر شمائلہ کی ٹیم سے وابستہ تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رات نو بجے عملے کی شفٹ تبدیل ہوئی اور ایک دوسری ڈاکٹر آئیں، جن سے بھی انہوں نے متعدد مرتبہ درخواست کی، لیکن ان کی بہو کو رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے آپریشن تھیٹر لے جایا گیا، جہاں ٹانکے لگائے گئے۔ ان کے مطابق مریضہ تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

ملک تنویر اختر نوشاہی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس صورتِ حال میں ایم سی ایچ سینٹر کی ڈائریکٹر سے بھی رابطے کی کوشش کی، تاہم ان کے بقول فون موصول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر وہاں سے بھی جواب نہ مل سکا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پمز میں 36 سال تک خدمات انجام دینے والے ایک ریٹائرڈ ملازم کو اپنی بہو کے علاج کے لیے اس قدر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو عام مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ کیا صورتِ حال پیش آتی ہوگی؟

ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کسی ایک ڈاکٹر یا ملازم کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ پمز کے نظام میں موجود ان مسائل کی نشاندہی کرنا ہے جن کے باعث مریضوں کو بروقت طبی سہولیات اور مناسب رویہ میسر نہیں آتا۔

سانحۂ نرسری کے بعد اصلاحات کے دعوے، عملی تبدیلی کہاں ہے؟

پمز میں نومولود بچوں کی اموات کے المناک واقعے کے بعد حکومت کی جانب سے انکوائری کمیٹی قائم کی گئی، ذمہ داران کے تعین اور انتظامی اصلاحات کے اعلانات سامنے آئے اور متعدد سطحوں پر تبدیلیاں بھی کی گئیں۔ نئی انتظامیہ سے توقع تھی کہ وہ ادارے میں مریضوں کی دیکھ بھال، ایمرجنسی خدمات، طبی عملے کے رویے اور انتظامی جواب دہی کو بہتر بنائے گی۔

تاہم حالیہ شکایت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ محض انتظامی تبدیلیوں اور معطلیوں کو اصلاحات کا متبادل نہ سمجھا جائے۔ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب مریض کو بروقت علاج، عزت و احترام، مناسب رہنمائی اور ضروری طبی سہولیات میسر آئیں۔

وزیرِ صحت اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل

ملک تنویر اختر نوشاہی نے وفاقی وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ایم سی ایچ سینٹر میں مریضوں کی دیکھ بھال اور عملے کے رویے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ایسے انتظامات کیے جائیں کہ کسی مریض یا اس کے لواحقین کو علاج کے لیے اس قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پمز جیسے قومی اور بڑے طبی ادارے کی بہتری کا معیار صرف انتظامی تبدیلیاں، معطلیاں یا اچانک دورے نہیں بلکہ مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات، عملے کا رویہ، بروقت علاج اور انسانی ہمدردی پر مبنی خدمات ہیں۔ سانحۂ نرسری کے بعد اصل ضرورت یہی ہے کہ اس واقعے سے حقیقی سبق حاصل کرتے ہوئے ادارے میں ایسی اصلاحات نافذ کی جائیں جو ہر مریض کے لیے محسوس ہونے والی بہتری کا سبب بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں