رحیم یار خان میں دیوالی کی رنگا رنگ تقریبات، صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا کی بطور مہمان خصوصی شرکت، دیپ جلا کر تقریبات کا افتتاح کیا

Spread the love


رحیم یارخان
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کو حقوق اور سہولیات فراہم کرکے پنجاب کی تاریخ بدل دی ہے، اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے اس عزم کو عملی اقدامات سے ثابت کیا ہے، سردار رمیش سنگھ اروڑا
رحیم یار خان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی برادریوں کو خوشیوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کی عملی تصویر پیش کرتے ہوئے رحیم یار خان میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی مرکزی تقریب سرکاری سطح پر بھرپور جوش و جذبے اور روایتی مذہبی و ثقافتی رنگوں کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور دیوالی کے دیپ روشن کرکے تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تقریب میں ہندو برادری کے افراد، خواتین، بچوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف مذہبی و ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، دیوالی کا کیک کاٹا گیا جبکہ آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ دیوالی کی خوشیوں کے موقع پر منعقدہ تقریب میں محبت، بھائی چارے، امن، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے منصب کا حلف اٹھاتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں اور آج وہ اپنے اس عزم کو عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کر رہی ہیں۔ پنجاب میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتی برادریوں کے لیے حقوق، سہولیات اور فلاحی منصوبوں کی فراہمی کے ذریعے صوبے کی تاریخ بدل دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج رحیم یار خان میں تاریخ کی بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ اقلیتی برادری حکومت پنجاب کے اقدامات اور فلاحی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے۔ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہے جبکہ ہماری مسلح افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن ملک بھارت کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں پر کیے جانے والے حملوں کا جواں مردی سے جواب دیا اور دشمن کے دفاعی نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو انقلابی اقدامات اور منصوبے شروع کیے ہیں، ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ضلع رحیم یار خان سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اقلیتی برادری کے لیے متعدد ترقیاتی اور فلاحی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اقلیتی برادری کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتی امور کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 کروڑ روپے سے بڑھا کر 16 ارب روپے تک پہنچا دیا ہے، جو اقلیتی برادریوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت کے سنجیدہ عزم کا مظہر ہے۔ مینارٹی کارڈ کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کی مالی کفالت کی جا رہی ہے جبکہ مندروں اور گرجا گھروں کی مرمت، تزئین و آرائش اور بحالی کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ اقلیتی طلبہ کو سکالرشپس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بھرپور معاونت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ایس ایس کے امتحانات میں اقلیتی امیدواروں کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ اقلیتی نوجوانوں اور بچوں کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کر سکیں۔ آج دنیا کے مختلف خطوں میں مذہبی آزادی ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم پنجاب میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اپنی مذہبی رسومات اور تہوار آزادی سے منانے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے دیوالی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ضلع رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاولنگر سے آنے والے تمام مہمانوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب تمام اقلیتی برادریوں کو ساتھ لے کر چلنے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں برابر کا شریک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب میں شریک ہندو برادری کے افراد نے دیوالی کی تقریبات کا سرکاری سطح پر انعقاد کرنے اور مذہبی خوشیوں میں شریک ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو تاریخی، قابل تحسین اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کے عملی عزم کا مظہر قرار دیا۔
رحیم یار خان میں دیوالی کی تقریبات کا انعقاد اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مکمل مذہبی آزادی اور خوشیوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن تمام مذاہب اور برادریوں کو ساتھ لے کر ایک پرامن، خوشحال، روادار اور ہم آہنگ پنجاب کی تشکیل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں