رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ضلع بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے لیے پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی، پولیس الرٹ۔ تفصیل کے مطابق پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جاری قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں اور عملے کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مہم کو صد فیصد کامیاب اور محفوظ بنایا جا سکے۔ چیف سکیورٹی آفیسر ذیشان محسن رندھاوا نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں کی خصوصی ہدایات پر مہم کی کامیابی اور پولیو ورکرز کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کے تمام تر انتظامات کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او عرفان علی سموں کے احکامات کی روشنی میں ضلع کے تمام تھانوں کی پولیس، لیڈیز پولیس، اور تمام سب ڈویژنز کے فیلڈ افسران کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیو ٹیموں کے ساتھ مرد و خواتین سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو گھر گھر جانے والی ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں پولیس موبائلز کی گشت اور اہم شاہراہوں پر سنیپ چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ پولیو مہم امن و امان کے ساتھ جاری رہ سکے۔
