رحیم یار خان
(ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین)
حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں نظم و ضبط کی بحالی، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور غیر ضروری رش کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر عامر محمود بخاری نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہسپتال میں داخل ہر مریض کے ساتھ صرف ایک اٹینڈنٹ کو رہنے کی اجازت ہوگی۔
ترجمان شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر رانا الیاس احمد نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں مریضوں کے ساتھ متعدد افراد کی موجودگی کے باعث طبی عملے کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی اور دیکھ بھال میں شدید مشکلات پیش آرہی تھیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد غیر ضروری ہجوم کا خاتمہ، ہسپتال کے ماحول کو منظم و محفوظ بنانا اور تمام مریضوں کو بلا تعطل بہتر طبی علاج فراہم کرنا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے ان احکامات کی روشنی میں ہسپتال انتظامیہ ایس او پیز کی مکمل پابندی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، ہسپتال میں غیر ضروری افراد کو لانے سے گریز کریں اور ہدایات پر عمل درآمد کرکے طبی عملے کے لیے آسانی پیدا کریں۔
